
کرنیل گنج گونڈہ:رمضان المبارک کا پہلا عشرہ عشرہ رحمت اختتام پذیر ہوتے ہوتے قصبہ کی کئی مسجدوں میں تراویح کے دوران مکمل قرآن سننے اور سنانے کا دور بھی مکمل ہوا جن میں دارالعلوم یتیم خانہ صفویہ کی مشہور مسجد منہاران ، مدرسہ خادم العلوم اور محلہ گاندھی نگر واقع حاجی بندھو مسجد میں ترویح کے دوران قرآن پاک سننے اور سنانے کا دور مکمل ہوا ۔مسجد منہاران یتیم خانہ صفویہ میں امام تراویح قاری ریاست علی نے مکمل قرآن سنانے کا شرف حاصل کیا تو حاجی بندھو مسجد میں حافظ محمد سراج نے مکمل قرآن سنایا ۔وہیں مدرسہ خادم العلوم میں مفتی پرویز احمد قاسمی نے مکمل قرآن سنایا ۔منگل کی شب خادم العلوم میں تراویح کے دوران قرآن مقدس کا دور مکمل ہونے پر ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں امام تراویح مفتی پرویز احمد قاسمی اور امام عیدین سابق چیئرمین شمیم احمد ‘اچھن ‘ نے رمضان ، تراویح اور قرآن مقدس کے آپسی تعلق اور انکی فضیلت واحکامات پر تفصیلی گفتگو کی ۔اور عام لوگوں سے ایک دوسرے کے ساتھ نرمی اور بھائی چارگی کے ساتھ رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ رنجش ، بغض ، کینہ اور دشمنی جیسی چیزیں معاشرے کے لئے ناسور ہیں رمضان کا مہینہ ٹریننگ کا مہینیہ ہے تاکہ ہر مسلمان اپنے نفس کا تزکیہ کرسکے ۔پروگرام کی نظام عقیل احمد قریشی نے کی جبکہ صغیر احمد صدیقی نے نعت پاک کے نذرانے پیش کئے۔


