
برادران وطن ہولی منائیں اور مسلمانان ہند جمعہ کی نماز بھی ادا کریں اور دونوں ایک دوسرے کا خیال رکھیں

امام عیدگاہ مولانا مذکر حسین ، مدرسہ فرقانیہ کے مہتمم مولانا عظیم اللہ قاسمی ، سربراہ اعلی دارالعلوم یتیم خانہ صفویہ کرنیل گنج الحاج شعیب العلیم بقائی کی عوام سے اپیل

رپورٹ۔شیخ شمس
گونڈہ:ہمارا پیاراملک ہندوستان صدیوں سے ملی جلی ثقافتوں کا گہوارہ رہا ہے یہی دنیا بھر میں ہمیں منفرد اور ممتاز بھی بناتا ہے امسال بھی رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ رمضان المبارک جہاں سایہ فگن ہے وہیں اسی دوران برادران وطن کا سب اہم رنگوں کا تہوار ہولی اور جمعہ بھی ایک ہی دن پڑرہا ہے ایسے میں ہم تمام ہندوستانیوں کا سرفخر سے تب اور بلند ہوگا جب ملک بھر کے برادران وطن پوری جوش وخروش کے ساتھ ہولی منائیں اور پھر مسلمانان ہند جمعہ کی نماز بھی ادا کریں اور دونوں ایک دوسرے کے جذبات واحساسات کا بھرپور خیال رکھیں اس طرح کے خیالات کا اظہار ہولی اور جمعہ سے ایک روز قبل امام عیدین سمیت اہم ملی شخصیات نے نمائندہ انقلاب سے کی ہیں ۔
شہر عیدگاہ پٹیل نگر کے امام وجامعہ امیرالعلوم مینائیہ کے استاذ مولانا مذکرحسین خاں برکاتی نے ایک ویڈیو کلپ جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ برادران وطن ہولی منائیں اور ان کا لحاذ رکھتے ہوئے مسلمانان ہند اپنی اپنی مسجدوں میں جمعہ کی نماز ادا کریں ۔انھوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ احتیاط کے طور پر شہر عیدگاہ کیمیٹی اور اہم ذمہ داران نے جمعہ کی نماز 2 بجے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دارالعلوم یتیم خانہ صفویہ کرنیل گنج کے سربراہ اعلی الحاج شعیب العلیم بقائی نے کہا کہ ہمارا پیارا ملک اولیا ء اللہ اور رشی منیوں کا گہوارہ ہے یہاں کی قدیم تاریخی روایتیں ملی جلی ثقافتوں کا ہمیشہ ثبوت پیش کرتی رہی ہیں ۔یہ کوئی پہلی بار کا ایسا واقعہ نہیں ہونے جارہا ہے کہ ہولی اور جمعہ ایک ساتھ پڑرہا ہے بلکہ ہم ہمیشہ سے ہہی ایک دوسرے کے ساتھ رہ رہے ہیں برادران وطن ہمیں عیدپر مبارکباد پیش کرتے رہے ہیں تو ہم انہیں ہولی کی مبارکبادیاں پیش کرتے رہے ہیں امسال بھی ہم اپنے تمام برادران وطن سے یہی امیدکرتے ہیں کہ وہ پورے جوش وجذبے کے ساتھ ہولی منائیں لیکن روزے داروں کے روزوں اور انکی نماز کا بھی بھرپور احترام کریں ساتھ ہی مسلمانان ہند سے بھی انھوں نے اپیل کی ہے کہ وہ کوشش کریں کہ جہاں برادران کی ہولی میں خلل ہونے کا اندیشہ ہووہاں تھوڑا تاخیر سے جمعہ کی نماز ادا کرلیں ۔مدرسہ فرقانیہ کے مہتمم مولانا عظیم اللہ قاسمی نے کہا کہ رمضان کا مبارک مہینہ ہے ہر روزے دار ویسے بھی جھگڑا لڑائی اور کسی بھی قسم کے متنازعات سے پاک رہتا ہے ۔انھوں تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے محلے کی مسجدوں میں ہی جمعہ کی نماز ادا کریں بازار گلی ، محلے اور عوامی مقامات پر جانے سے پرہیزکریں جہاں ضرورت ہو جمعہ کے اوقات کو بھی آگے پیچھے کرلیں تاکہ برادران وطن سے ہولی کے دوران کسی قسم کا ٹکراؤنہ ہو ۔امن وامان کے ساتھ سبھی تہوار منائے جائیں جیسے کہ ہمیشہ سے ہم سب مناتے رہے ہیں مذہب اسلام میں نفرت کوذرا بھی گنجائش نہیں ہے ابھی انسانوں کے لئے ہمدردی کا جذبہ ضروری ہے ۔

