گونڈہ(نامہ نگار):پیر کے روز مغرب کی نماز ادا کرتے ہی تمام مومنین کی نگاہیں آسمان کی طرف اٹھ گئیں اور ہلال رمضان کا دیدار ہوتے ہی السلام علیکم رمضان مبارک رمضان مبارک کے پرزور استقبال کے ساتھ عبادتوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے ۔

گونڈہ شہر کی شان سمجے جانے والے مشہور دینی ادارہ جامعہ امیر العلوم مینائیہ کے گیٹ پر پہنچ کر جہاں تمام نمازیوں نے ہلال رمضان کا دیدار کیا وہیں دربارعالیہ مینائیہ کے سجادہ نشین الحاج حسن سعید جمال مینا نے بھی خود آکر ہلال رمضان کادیدار کیا اور تمام مومنین ومومنات کو رمضان کی مبارکباد پیش کی ۔اس دوران چچا رفیق مینائی ، مولانانواب ، شبیر احمد ، شعبان احمد سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود رہے ۔ اسی طرح مختلف مقامات پر لوگوں نے اجتماعی طور پر ہلال رمضان کا دیدار کیا۔ ہلال رمضان کے دیدارہوتے ہی متبرک مہینے کا آغاز ہوچکا ہے ساتھ ہی عبادتوں کا بھی سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔بالخصوص قیام الیل کے طور پر سب سے لمبی نماز تراویح کا بھی سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔شہر کے مختلف مساجد میں 5-5 پارے کا دور شروع ہوچکا ہے تو اکثر مساجد میں ڈیڑھ ، دو یا تین پارے سنانے کا سلسلہ حفاظ کرام شروع کررہے ہیں ۔مسجدوں میں بڑے پیمانے پر تراویح پڑھنے والوں کے لئے بندوبست کئے گئے ہیں ۔ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ہلال رمضان کا اعلان جامعہ امیر العلوم مینائیہ کی سیدنا صدیق اکبرجامسجد سے سائرن بجاکر رمضان شروع ہونے کا اعلان کیا گیا ۔

