میجاپوربازار واقع مسجد عبدالخالق خاں میں دارالعلوم دیوبند کے مبلغ مولانا عرفان قاسمی کاخطاب
ہلدھرمؤ گونڈہ(نامہ نگار):میجاپور بازار واقع مسجد عبدالخالق خاں میں منگل کی شب دارالعلوم دیوبند کے مبلغ مولانا عرفان قاسمی کا خصوصی خطاب ہوا جس میں مولانانے سورہ ھمزہ کی تفسیر پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ اس سورت میں اللہ تعالیٰ نے تین اشخاص کی مذمت بیان فرمائی ہے۔
ایک وہ شخص جو غیبت یعنی پیٹھ پیچھے کسی کے عیوب کا تذکرہ کرتا ہو، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ غیبت کا گناہ زنا سے بھی زیادہ سخت ہے وجہ یہ ہے کہ غیبت کی وجہ سے کئی لوگ گناہ میں مبتلا ہوتے ہیں، نیز سماج میں غیبت کو گناہ ہی نہیں سمجھا جاتا، جس کے سبب اس کی قباحت بڑھی ہوئی ہے، دوسرے وہ شخص جو آمنے سامنے کسی کو طعنہ دینے اور برا کہنے والا ہو
تیسرے وہ شخص جو مال کو جمع کرتا ہو اور بار بار گنتا ہو یعنی جو مال کا حریص ہو، یہ تینوں اشخاص اللہ کی نظر میں انتہائی بدترین آدمی ہیں
انسان کے اندر مال کی محبت اس قدر ہے کہ اسے حاصل کرنے اور جمع کرنے میں حلال و حرام کی بھی تمیز نہیں کرتا
اور آدمی کہتا ہے میرا مال میرا مال جب کہ آدمی کا مال تو وہ ہے جو کھالیا، پہن لیا اور اپنے ہاتھ سے صدقہ و خیرات کردیا باقی جو بچ گیا وہ اس کا ہے ہی نہیں وہ تو اس کے پیچھے رہ جانے والے وارثوں کا ہے
اگر آدمی کو یہ بات سمجھ آجائے تو وہ مال کو حاصل کرنے میں حلال و حرام کے درمیان فرق بھی کرنے لگے اور اس کے اندر سے مال کی حرص ختم ہوجائے
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ یہ تینوں شخص ایسی آگ میں ڈالے جائیں گے کہ جس کی صفت یہ ہے جو یکبارگی دل تک پہنچ جائیگی، اس کے آگے پیچھے دائیں بائیں اوپر نیچے آگ ہی آگ ہوگی
مولانا نے کہا کہ حلال مال کا حاصل کرنا بھی شریعت کے دوسرے فرائض کے بعد ہی ہے، یعنی اللہ کے احکام کو پورا کرنا حلال مال طلب کرنے پر بھی مقدم ہے،اگر کارو بار یا تجارت نماز پڑھنے و دیگر عبادات میں رکاوٹ بنیں تو یہ بات اللہ کی ناراضگی کا سبب ہے
مولانا نے فرمایا جو شخص کثرت سے اللہ کے گھر مسجد آتا جاتا ہو، وہ اللہ کا محبوب بن جاتا ہے، اس لئے ہمارا تعلق مساجد سے انتہائی مضبوط اور گہرا ہونا چاہئے۔
اس موقع پرحافظ فخرالدین خاں، حافظ انتخاب عالم خاں، حافظ علاؤالدین خان نور، مولانا معراج خاں قاسمی، حاجی عامر خاں،حاجی یحییٰ خاں، ابوالکلام خاں، حاجی مبشر خاں، محمود خاں، ڈاکٹر خورشیدعالم خاں، عارف خاں، آساد خان، وقاص خاں سمیت قرب وجوار کے لوگ موودرہے۔
فوٹو۔میجاپور بازار واقع مسجد عبدالخالق خاں میں خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کے مبلغ مولانا عرفان قاسمی اور موجودلوگ

