
سماجوادی لیڈر لال چند گوتم پر جان لیواحملہ
لوہیا واہنی کے ریاستی سکریٹری پر اکھلیش یادو کی پوسٹ ڈالنے سے مشتعل تھے حملہ آور نامعلوم کے خلاف درج ہوئی ایف آئی آر ، پارٹی لیڈران سے پولیس کی نوک جھونک
شیخ شمس
گونڈہ: سماجوادی پارٹی لوہیا واہنی کے ریاستی سکریٹری لال چند گوتم پر منگل کی دیر شب حملہ ہوا ہے ان پر شہ زوروں نے فائرنگ بھی کی ہے جس کے مس ہوجانے پر لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کرکے زخمی کردیا گیا ہے لال چند گوتم نے بتایا ہے کہ انھوں نے اکھلیش یادو کاسوشل میڈیا پر پوسٹ ڈالا تھا جس کی وجہ سے ان پر حملہ کیاگیا ہے۔ حملہ آور انہیں یہ کہہ کر پیٹ رہے تھے کہ تم اکھلیش یادو کا خوب پوسٹ ڈالتے ہو نہیں سدھروگے ۔ زخمی حالت میں لال چند گوتم کو ضلع ہسپتال لایا گیا اور اسکی خبر ملتے ہی سماجوادی پارٹی کے قومی سکریٹری مسعود عالم خاں ، کٹرہ بازار اسمبلی حلقہ کے سابق امیدوار ونود شکلا موقع پر پہنچے بتایاجاتا ہے کہ سماجوادی لیڈران اور پولیس کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی ہے۔سماجوادی لیڈران اور کارکنان کی جانب سے حملہ آوروں کی گرفتاری کی مانگ کی جارہی ہے ۔لال چند گوتم نے میڈیا کو بتایا کہ چندوت پور گھاٹ کے پاس اپنے دوست کی دنیش موریہ کی دوکان پربیٹھے تھے تبھی 8 سے 10 لوگ آئے اورذات برادر پر مبنی گالی گلوج دیتے ہوئے سر پر فائرنگ کردی لیکن فائرنگ مس ہونے پرحملہ آور قریب آگئے اور کہا کہ تم اکھلیش یادو کو خوب پوسٹ ڈالتے ہو نہیں سدھروگے اور پھر راڈ سے اس پر حملہ کردیا گیا۔ ہسپتال پہنچے سماجوادی پارٹی کے قومی سکریٹری مسعود عالم خاں نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر پولیس نے ملزمین کو گرفتار نہیں کیا تو وہ اس کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔وہیں دیہات کوتوال سنجے سنگھ کا کہنا ہے کہ شراب پینے کے دوران موٹر سائکل کی چابھی نکالنے کو لے کر جھگڑا ہوا تھا ۔لال چند گوتم کی تحریر پر نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور معاملے کی پوری تفتیش کی جارہی ہے۔

پہلے بھی دھمکی ملی تھی لیکن نہیں ہوئی کارروائی
سماجوادی لوہیا واہنی کے ریاستی سکریٹری لال چند گوتم نے بتایا ہے کہ انہیں گزشتہ ماہ بھی دھمکیاں دی گئی تھیں ۔دھوبہارائے چوراہے پر سماجوادی جھنڈا لگی کارکو آگے پیچھے کئے جانے کو لے کر شہ زوروں نے بھتیجے رنجیت گوتم کے ساتھ مارپیٹ کی تھی اور انہیں بھی دھمکیاں دی گئی تھیں ۔جس کے خلاف انھوں نے 30 جنوری کو شکایتی تحریر تھانے پر دی تھی لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔

