مرکزی حکومت کی وزیرمالیات نرملا سیتا رمن کے ذریعہ جاری کئے گئے بجٹ 2025 پر سیاسی وسماجی رہنماؤں کے تاثرات
شیخ شمس
گونڈہ:بجٹ 2025 ہندوستانی معیشت کو مستحکم اور جامع بنانے کی طرف ایک قدم ضرور ہے لیکن جس طرح کی امیدیں کی جارہی تھیں اس پر پورا اترتا ہوا نہیں دکھ رہا ہے البتہ انکم ٹیکس دینے والوں اور میڈکل طلبہ کے لئے زیادہ راحت افزا ثابت ہوسکتا ہے۔اس طرح کے تاثرات مرکزی حکومت کی وزیر مالیات نرملا سیتا رمن کے ذریعہ پیش کئے گئے بجٹ 2025 پر سیاسی اور سماجی رہنماؤں کی طرف سے دئے جارہے ہیں ۔
ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر پرمود کمار مشرا نے نمائندہ انقلاب کو بجٹ پر اپنے تاثرات دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بے سمت بجٹ ہے۔ اس میں کسان طبقے کو کچھ نہیں ملا۔ اس بجٹ میں کسانوں کے مفادات کا کوئی ذکرہی نہیں ہے، غریب مزید غریب اور امیر امیر تر ہوتا جائے گا۔ ملک کے کسان ہڑتال پر ہیں لیکن بجٹ میں ایم ایس پی پر بھی بات نہیں کی گئی۔ یہ بجٹ کسانوں کے ساتھ دھوکہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ متوسط طبقے کو بھی انکم ٹیکس میں ریلیف کا جھنجھنادیا گیا لیکن ذرائع آمدن کی ترقی پر کوئی بات نہیں کی گئی۔ انفراسٹرکچر صرف بہار کے لیے ہے، یوپی کے لیے کچھ نہیں، ترقی کے چاروں انجن پٹری سے اتر گئےہیں، ٹرمپ کو خوش کرنے کے لیے پالیسی لائی گئی لیکن بے روزگاروں کے لیے کچھ نہیں ہے۔
اگر نرملاسیتا رمن جی ملک کی ترقی چاہتی ہیں تو انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے اور قوم کی تعمیر میں تھوڑا سا حصہ ڈالنا چاہئے۔

سماجوادی پارٹی کے نائب ضلع صدر فہیم احمد پپو نے کہا کہ ہمارا ملک ہندوستان اس وقت دنیا بھر میں سب سے زیادہ نوجوانوں پر مبنی ملک بن چکا ہے یہاں شخصی پاور سب سے زیادہ ہے اس ملک کو جتنی تیز رفتار میں ترقی کرنا چاہئے نہیں کرپارہا ہے کیونکہ ہمارے نوجوانو کا بہت بڑا طبقہ بے روزگار ہے اور وہ کام کی تلاش کررہا ہے لیکن حکومت انہیں روزگار مہیا کرانے میں ناکام ثابت ہورہی ہے بجٹ 2025 جو وزیر خزانہ نے پیش کی ہے اس میں بھی کچھ ایسا نہیں دکھائی دے رہا ہے کہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مسائل حل ہوں گے ۔کسانوں کی خود کشی کے واقعات میں کمی نہیں آرہی ہے جس سے موجودہ حکومت کا کسانوں کی آمدنی بڑھانے کا دعوی بھی کھوکھلا ثابت ہورہا ہے ۔

ادیوگ ویاپار منڈل شہر کمیٹی کے نائب صدر عتیق احمد نے کہاکہ بجٹ 2025 انکم ٹیکس دینے والوں اور میڈکل طلبہ کے لئے راحت افزا ہے ۔صحت اس وقت ملک کے لئے سب سے بڑی چیلنج بھی ہے اس شعبے میں زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے اس سےروشن مستقبل کے امکانات کئے جاسکتے ہیں ۔

