کرنیل گنج قصبے میں عیدمیلادالنبی کی شب نکالے گئے جلوس میں سیلاب کے مانند امنڈے عاشقان رسول
کرنیل گنج گونڈہ(محمد عرفان شانو):اتوار کی دیر شب کرنیل گنج قصبے میں گھنٹہ گھرکے پاس واقع مسجد بندھو سے انجمن شیدائے محمدﷺ کے بینر تلے تاریخ ساز جلوس محمدی نکالا گیا جو اپنے مختلف راستوں سے ہوتا ہے صبح تقریبا 4 بجے سکرورہ پہنچا اور جلسہ میلاد شریف کے ساتھ صلاة وسلام کے نذرانوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔جلوس کی سرپرستی کرتے ہوئے امام عیدین وانجمن شیدائے محمد کے سرپرست سابق چیئرمین Ahet احمد اچھن نے عاشقان رسول کے جم غفیر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ ربیع الاول کا ہے اور ربیع کے معنی ہوتے ہیں بہار کے اور ہم سب جانتے ہیں کہ بہار ہمیشہ خزاں کے بعد ہی آتا ہے ۔بالکل اسی طرح جب دنیا میں ظلم وستم ، کفروضلالت اور گمرہی عام ہوگئی ۔روئے زمین پر انسانیت کراہنے لگے تو پھر بہار بن کر رحمت عالم تشریف لے آئے اور دنیا کو جہالت وضلالت سے نکال کر پھر سے اشرف المخلوقات کے درجے پر فائز فرمادیا

۔تب سے ساڑھے چودہ سوسال سے بھی زیادہ عرصہ گزرچکا ہے لیکن آپ کی آمد آمد کی دھوم جاری ہے ہرطرف لوگ خوشیاں منارہے ہیں آپ کی محبت میں ترانے گارہے ہیں ۔کرنیل گنج قصبہ وآس پاس کے گاؤں سے سیلاب کے مانند شامل عاشقان رسول کا جلوس نہایت شان وشوکت سے مسجد بندھو سے روانہ ہوا جس میں فتح پور سے آئی نعتیہ کمیٹی کے ذریعہ پیش کئے جانے والے نعتیہ کلام نے جلوس کو مزید خوشنما بنانے کا کام کیا ۔جلوس کی قیادت انجمن کے ذمہ داران نذیرانڈین کے ساتھ صدر فہیم احمد پپو ، سکریٹری مولانا احمد رضا ودیگر ذمہ داران کررہے تھے ۔یہ جلوس اسٹیشن روڈ سے کاسہ گران محلہ ہوئے سکرورہ پہنچا جہاں جگہ جگہ لوگ عاشقان رسول کو شیرینی ودیگر کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کرتے نظر آئے ۔ اسی طرح صبح کے وقت دارالعلوم یتیم خانہ صفویہ کے سربراہ اعلی الحاج سید شعیب العلیم بقائی کی سرپرستی میں جلوس محمدی برامد ہوا جس میں مداحان رسول کی الگ الگ ٹیمیں نعت ومنقبت کے ساتھ صلاة وسلام کے نذارنے پیش کررہی تھیں ۔یہ جلوس بھی اپنے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے سکرورہ پہنچ کر اختتام پذیر یوگیا۔اس دوران جگہ جگہ لوگوں نے مدینہ منورہ ، گنبدخضرا ، خانہ کعبہ ، مسجد اقصی وکربلامعلی کے ساتھ دنیا کی خوبصورت ترین مسجدوں کے ماڈل بناکے رکھے تھے جو قابل دید نظر آرہے تھے ۔

