شہزادہ شیربیشہ اہلسنت حضرت علامہ مفتی محمد معصوم رضاخاں حشمتی رحمہ اللہ کا آج منایا جائیگا عرس چہلم
مشاہد نگر گونڈہ(نامہ نگار):سعداللہ نگر گورا چوکی روڈ واقع پپرا ماہم شریف میں 29 فروری کو شہزادہ شیر بیشہ اہلسنت حضرت علامہ مفتی محمد معصوم رضاخاں حشمتی علیہ الرحمہ کےعرس چہلم میں حشمتی دیوانوں کا ہجوم امنڈنے والا ہے جس کے لئے بڑے پیمانے پر پنڈال لگاکر زائرین کے بیٹھنے اوران کے لئےلنگر کا بندوبست کیا گیا ہے ۔
الجامعتہ الحشمتیہ کے ترجمان وخلیفہ حضور معصوم ملت الحاج قاری شرف الدین خاں حشمتی نے بتایا کہ حضور معصوم ملت کا عرس چہلم شریف 29 فروری کی صبح فجر کے بعد سے شروع ہوجائے گا جس میں شرکت کے لئے ملک بھر کے حشمتی دیوانے تشریف لارہے ہیں ۔
انھوں نے بتایا کہ معصوم ملت کی خدمات حلقہ سعداللہ نگر وآس پاس کے علاقوں میں اتنا زیادہ ہے کہ یہاں کا بچہ بچہ حشمتی مشن کا شیدائی ہے ۔معصوم ملت کے چاہنے والے یہاں سے لے کر ممبئی تک پھیلے ہوئے ہیں عرس چہلم شریف میں کثیر تعداد میں لوگ شرکت کریں گے اسی کے پیش نظر ہر طرح کے انتظامات کا بہتر سے بہتر کیا گیا ہے ۔انھوں نے مزید بتایا کہ فجر کی نماز کے بعد حلقہ ذکر واذکار ہوگااور ظہر کی نماز کے بعد علاقائی عقیدتمندوں کے ذریعہ مختلف علاقوں سے چادر جلوس نکالاجائے گاجو بعد نماز عصر خانقاہ عالیہ حشمتیہ درگاہ حضور قطب زمن پر پیش کیا جائے گا ۔ساتھ ہی مدینہ منورہ کے علاوہ کئی اہم مقدس مقامات سے آئی ہوئی چادریں حضور مظہر اعلی حضرت علامہ مفتی محمد ناصررضا خاں حشمتی وشہزادگان حضور معصوم ملت کی قیادت میں پیش کی جائیں گی ۔اور عشاء کے بعد لنگر حشمتی ومعصومی کا اہتمام کیا جائے گا ساتھ ہی جشن عید میلاد النبی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔جس میں علمائے کرام کے خطاب اور شعرائے اسلام کے نعت ومنقبت پیش ہوں گے ۔
فوٹو۔پپرا ماہم شریف میں عرس چہلم حضور معصوم ملت کے لئے پنڈال لگواتے ہوئے رضاکارومنتظمین

