گونڈہ سے 2009 میں جیتے تھے شریا ورما کے بابا سابق وزیر بینی پرساد ورما ، سماجوادیوں میں بڑھا 2024 کے تئیں جوش
گونڈہ(نامہ نگار):پارلیمانی انتخابات 2024 کے لئے پارٹیوں نے اپنی اپنی بساط بٹھانی شروع کردی ہے اس کڑی میں سب سے پہلے سماجوادی پارٹی نے دیوی پاٹن منطقہ ہیڈ کوارٹر 59 گونڈہ پارلیمانی سیٹ سے برسراقتدار پارٹی ویمن امپاورمینٹ کے نعرے کو جواب دیتے ہوئے یوتھ لیڈی لیڈر شریا ورما کو اپنا امیدوار اعلان کردیا ہے جس سے گونڈہ پارلیمانی حلقے کی سیاست گرم ہوگئی ہے ۔
بتادیں کہ شریا ورما سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر سابق وزیر راکیش ورما کی بیٹی اور پارٹی بانی ممبر وسابق وزیر آنجہانی بینی پرساد ورما کی پوتی ہیں ۔ فی الحال گونڈہ سیٹ سے ابھی تک کسی اور پارٹی کے اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے ۔مانا جارہا ہے کہ شریا ورما اپنے بابا کے نقش قدم پر کامیاب ہوکر سماجوادی پارٹی کی جھولی میں 2004 کے بعد ایک بار پھر سے اس سیٹ کو ڈالیں گی حالانکہ یہ جنگ بہت آسان نہیں ہوگی کیونکہ موجودہ ممبر پارلیمنٹ کیرتی وردھن سنگھ بی جے پی کو شکست دینے کے لئے ناکوں چنے چبانے پڑسکتے ہیں ایسا لوگوں کا کہنا ہے ۔ غور طلب ہے کہ گونڈہ پارلیمانی حلقہ پانچ اسمبلی حلقوں پر منحصر ہے اور سبھی پر بی جے پی کا ہی قبضہ ہے ۔گونڈہ صدر سے پرتیک بھوشن سنگھ ، مہنون سے وینے کمار دویدی ، منکاپور سے راما پتی شاستری ، گورا سے ہربھات کمار ورما اور اترولہ سے رام پرتاپ ورما ممبران اسمبلی ہیں ۔ 2019 میں عظیم اتحاد کے امیدوار سابق وزیر آنجہانی ونود کمار سنگھ عرف پنڈت سنگھ کو 166360 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی جبکہ کانگریس کی قدآور لیڈر کرشنا پٹیل محض 25686 ووٹوں میں سمٹ گئی تھیں۔ وہیں 2014 کے انتخاب میں کیرتی وردھن سنگھ نے سماجوادی امیدوار سابق ایم ایل اے نندتا شکلا کو 160416 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی جبکہ تیسرے نمبر پر بی ایس پی کے قدآور لیڈر اکبر احمد ڈمپی نے 116178 ووٹ حاصل کیا تھا وہیں اس وقت کے سٹنگ ایم پی مرکزی حکومت کے وزیر بینی پرساد ورما چوتھے نمبر پر تھے اور انہیں ایک لاکھ 2 ہزار 254 ووٹوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا تھا ساتھ ہی پیس پارٹی سے الیکشن لڑے مسعود عالم خاں نے بھی 42744 ووٹ حاصل کئے تھے اور سی پی آئی امیدوار کو بھی 18450 ووٹ ملے تھے ۔ 2004 میں جب کیرتی وردھن سنگھ سماجوادی میں تھے تب بھی انھوں نے یہاں سے جیت حاصل کی تھی ۔
تو کیا اب کٹ جائیگا موجودہ ایم پی کیرتی وردھن سنگھ کا ٹکٹ
سماجوادی پارٹی کے ذریعہ گونڈہ سے شریا ورما کو امیدوار بنائے جانے کے بعد چہ می گوئیاں شروع
گونڈہ(نامہ نگار):گونڈہ پارلیمانی حلقہ سے سماجوادی پارٹی کے ذریعہ شریا ورما کو امیدوار اعلان کئے جانے کے بعد الگ الگ سیاسی خیموں میں چی می گوئیاں شروع ہوگئی ہیں اور کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ اب موجودہ ایم پی کیرتی وردھن سنگھ کا بی جے پی ٹکٹ کاٹ سکتی ہے ۔ ذرائع کی مانیں تو گزشتہ کچھ ماہ سے جب سے سابق وزیر بینی پرساد ورما کا کنبہ گونڈہ پارلیمانی حلقے میں سرگرم ہوا ہے گورا اسمبلی حلقہ کے موجودہ بی جے پی ایم ایل اے پربھات ورما کی بھی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں ۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ گونڈہ پارلیمانی حلقے میں کرمی برادری کا انتخابی نتائج میں بڑا اثر ہے جس کا ایک ثبوت 2019 کے انتخاب میں عظیم اتحاد اور بی جے پی کے آمنے سامنے کی لڑائی میں بھی کانگریس امیدوار کرشنا پٹیل کو ملا 25686 ووٹ ہے ۔ اب جبکہ سماجوادی نے شریا ورما کو امیدوار بناکر اس بڑے طبقے کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کی ہے مانا جارہا ہے کہ موجودہ ایم پی کیرتی وردھن سنگھ عرف راجا بھیا کا ٹکٹ کاٹ کربی جے پی گورا کو موجودہ ایم ایل اے پربھات ورما کو امیدوار بنادے گی ۔ حالیہ دنوں موجودہ ایم پی راجا بھیا کے خلاف ہوئی ایف آئی آر کو بھی اسی کڑی کا ایک رخ مانا جارہا ہے ۔
شراوستی سیٹ پر ٹکیں لوگوں کی نگاہیں
بلرامپور(نامہ نگار):پیر کے روز سماجوادی پارٹی کے ذریعہ دیوی پاٹن منطقہ کی تین پارلیمانی سیٹوں میں سے دو سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کئے جانے کے بعد شراوستی پارلیمانی حلقے کی سیٹ پر لوگوں کی نگاہیں ٹک گئی ہیں ۔ غور طلب ہے کہ شرواستی سیٹ جو پہلے بلرامپور کے نام سے جانی جاتی تھی فی الحال اس پر بی ایس پی کا قبضہ ہے ۔یہاں 2019 میں عظیم اتحاد کے تحت بی ایس امیدوار رام شرومنی ایم پی منتخب ہوئے تھے ۔انھوں نے بی جے پی امیدوار ددن مشرا کومحض 5320 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی جبکہ کانگریس امیدوار سابق ایم ایل اے دھیریندرپرتاپ سنگھ عرف دھیرو بھیا نے بھی 58042 ووٹ حاصل کئے تھے ۔جبکہ 2014 میں بی جے پی کے ددن مشرا نے سماجوادی امیدوار مرحوم عتیق احمد کو 85913 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی ساتھ ہی بی ایس پی کے لال جی ورما تیسرے مقام پر 194890 اور پیس پارٹی کے امیدوارسابق ایم پی رضوان ظہیر نے بھی 101817 ووٹ حاصل کئے تھے ۔ اب جبکہ شراوستی سے سابق ایم پی رضوان ظہیر جیل میں ہیں سماجوادی لیڈر گونڈہ کے سابق پارلیمانی امیدوار مسعود عالم خاں مسلسل شراوستی لوک سبھی میں سرگرم ہیں یہاں کے لوگوں کی نگاہیں بھی سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ کا بے صبری سے انتظار کررہی ہیں ۔مانا جارہا ہے کہ بہرائچ کے امیدوار بنائے گئے سابق ایم ایل اے رمیش کمار گوتم کے ساتھ سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے والے ہردل عزیز لیڈر مسعود عالم خاں کو جلد ہی یہاں سے اپنا امیدوار بنائے گی ۔

