
ہریا جھومن کےجامعہ عائشہ صدیقہ للبنات میں ختم بخاری ودعائیہ مجلس کا ہوا اہتمام
شیخ شمس
انٹیاتھوک گونڈہ:انٹیاتھوک حلقہ کے ہریا جھومن واقع جامعہ عائشہ صدیقہ للبنات الصالحات کے زیر اہتمام بدھ کے روز ختم بخاری شریف ودعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا جس میں جامعہ مسعودیہ نورالعلوم بہرائچ کے شیخ الحدیث مفتی اشتیاق احمد نے دورہ بخاری شریف میں داخل ہونے والی طالبات کو شروعاتی حدیث کا درس دیا تو فارغ ہونے والی طالبات کو آخری حدیث کا درس پیش کیا اور حضرت امام بخاری علیہ الرحمہ کی محنت اور علم حدیث کے تئیں پیش کی گئی خدمات سے موجود لوگوں کو بھی متعارف کرایا ۔وہیں ممبئی سے آئے مولانا محمد زاہد نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بنیادی تعلیم کانونٹ میں دلانے کے بجائے مدارس اسلامیہ میں دلائیں تاکہ ان کے دل ودماغ کو ایمان وعقائد سے مضبوط بنایا جاسکے ورنہ الحاد وارتداد میں نئی نسلوں کے بہنے کے امکانات بڑھتے جارہے ہیں ۔اس دوران مدرسہ فرقانیہ گونڈہ کے مہتمم مولانا عظیم اللہ قاسمی ، مفتی محمد سعید کانپور کے علاوہ جامعہ کے بانی مہتمم مولانا محمد انصار قاسمی ، مفتی محمد یاسر قاسمی ، مولانامحمد انیس قاسمی سمیت بڑی تعداد میں علمائے کرام وعلاقے کے لوگ موجود رہے ۔

