
نبی اپنی مرضی سے کچھ نہیں کہتے سواء اللہ کے
جامعہ سکینہ للبنات دھانےپور اور جامعہ برکاتیہ نجم البنات مصرولیہ میں جشن ختم بخاری شریف کی تقریب سے علماء کا خطاب
گونڈہ(نامہ نگار):نبی اپنی مرضی سے کچھ نہیں کہتے بلکہ وہ جو کچھ بھی کہتے ہیں اس میں اللہ کی مرضی شامل حال رہتی ہے خواہ وہ سیدنا جبرئیل علیہ السلام کے ذریعہ لائی ہوئی وحی کی شکل میں ہو یاانبیاء کے اقوال وافعال سے ظاہر ہوں اسی لئے امت مسلمہ کے لئے ایک طرف قرآن مقدس ہے جو وحی الہی ہے اور دوسری حدیث پاک ہیں جو نبی پاک کے ارشادات کا مجموعہ ہیں امت کی زندگی میں جب ان دونوں کی ہدایات پر عمل ہوگا راہ حق پر قائم رہیں گے ۔یہ باتیں منگل کے روز دھانے پور واقع جامعہ سکینہ للبنات میں منعقد جشن ختم بخاری شریف کی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے علامہ رفیع احمد نوری نے کہیں ۔ انھوں نے بخاری شریف کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایاکہ حضرت امام بخاری نے جس پیمانے پر حدیثوں کو جمع کیا ہے اس پر کسی بھی طرح کے تردد کا شکار نہیں ہونا چاہئے ۔مدارس اور جامعات کے حوالے سے کہاکہ مدینہ پاک میں رسول اللہ نے اصحاب صفہ قائم فرمایا تھا جہاں حضرت ابو ذرغفاری ،عمار بن یاسر ، سلمان فارسی ، صہیب ، بلال ، ابوہریرہ ، عقبہ بن عامر ،خباب ، حذہفہ بن یمن اور ابو سعید خذری جیسے جید صحابہ علوم نبویہ سیکھ رہے تھے اسی طرح مدارس وجامعات میں آج تک قال اللہ وقال الرسول کی تعلیم جاری ہے جس کو جاری رکھنے میں ہم سب کی دنیا وآخرت کی کامیابی ہے۔ علامہ ذوالفقار احمد برکاتی نے کہاکہ امت کی ذمہ داری ہے کہ اپنے مونہالوں کو ایسی جگہ 12 تک کی تعلیم دلائیں جہاں انہیں سب سے پہلے عاشق رسول بنایا جاتا ہو ورنہ ایک ایک کرکے ہماری نسلیں ارتداد کا شکار ہوتی جائیں گی ۔علامہ سید شہزاد احمد نے کہا کہ بچیوں کی تعلیمات کا بندوبست وقت کا اہم تقاضہ ہے کیونکہ بچیاں اگر علوم نبویہ سے واقف ہوں گی عالمہ اور فاضلہ ہوں گی تو وہ معاشرے کی سب سے بہترین تشکیل کرسکیں گی ۔جامعہ سکینہ للبنات کی کامیاب کوشش کے لئے انھوں اس کے بانی مولاناعبدالرشید مصباحی کو مبارکباد پیش کی اور لوگوں سے ان کے مشن کوکامیاب بنانے میں مدد کرنے کی بھی اپیل کی پروگرام کی سرپرستی علامہ سید خلیق اشرف کچھوچھوی نے کی جبکہ جامعہ امیرالعلوم مینائیہ کے پرنسپل قاری نثار احمد مینائی ، مولانا شعیب رضا ، مولانا شاہد سعدی سمیت موجودرہے ۔ وہیں جامعہ برکاتیہ نجم البنات مصرولیہ بنکٹی میں بخاری شریف کے آخری درس کے لئے جامعہ اشرفیہ مبارک پور سے آئے مفتی نسیم احمد نے عالمت کے آخری سال کی طالبات کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا اور امام بخاری کی محنتوں اور کاوشوں پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے بچیوں کے روشن مستقبل کے لئے اپنی نیک خواہشات پیش کی ۔اس دوران مولانا عبدالقوی مصباحی ، مولانا معراج حسین اشرفی ، مولانا محمد احمد نعیمی ، قاری حمید اللہ ، مولانا شہزاد خاں ، قاری نسیم ، مولانا مقیم مصباحی ، قاری معصوم رضا ، قاری عبدالمعبود اور قاری رضی اللہ سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجودرہے۔


